
ایران نے مبینہ طور پر دشمن ممالک کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں کم از کم 50 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سیکیورٹی اداروں نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایسے افراد کو حراست میں لیا جن پر “کرائے کے ایجنٹ” کے طور پر کام کرنے اور امریکا و اسرائیل کے ساتھ تعاون کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد پر حساس عسکری و تنصیبی مقامات، سروس سہولیات اور اہم قومی انفراسٹرکچر سے متعلق معلومات دشمن ممالک کو فراہم کرنے کا شبہ ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے الیکٹرانک آلات، سیٹلائٹ کمیونیکیشن ڈیوائسز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران جاسوسی کے شبہ میں درجنوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ اس نوعیت کی گرفتاریاں ماضی میں بھی کی جاتی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے حالیہ عرصے میں جاسوسی سے متعلق قوانین مزید سخت کر دیے ہیں، جن کے تحت سنگین الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت اور جائیداد ضبطی جیسی سزائیں دی جا سکتی ہیں