
کراچی شدید گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں آ گیا ہے جہاں مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا دورانیہ 10 گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ میٹرک امتحانات کے دوران بھی متعدد امتحانی مراکز میں بجلی بند ہونے سے طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں گارڈن، لیاری، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ملیر، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر، سرجانی ٹاؤن اور سہراب گوٹھ شامل ہیں جہاں شہری شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش پر سراپا احتجاج ہیں۔
ذرائع کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دائرہ صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب میٹرک امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں بجلی بند ہونے سے طلبہ کو شدید گرمی میں پرچے حل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے، والدین نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے