ٹرمپ پے حملہ بال بال بچ گئے

37

واشنگٹن: امریکی صدر Donald Trump کی وائٹ ہاؤس کوریسپونڈینٹ ڈنر میں پہلی شرکت کے دوران اس وقت شدید خوف و ہراس پھیل گیا جب تقریب کے آغاز میں فائرنگ کی آوازیں گونج اٹھیں، جس کے بعد United States Secret Service نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صدر ٹرمپ، خاتون اول میلانیا ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ حکام کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔  

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن کے ہوٹل میں جاری تقریب کے دوران ایک مسلح شخص نے سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی اور فائرنگ کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ صدر ٹرمپ نے بعدازاں تصدیق کی کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں جبکہ حملہ آور زندہ حراست میں ہے۔ واقعے میں ایک سیکریٹ سروس اہلکار زخمی ہوا مگر بلٹ پروف جیکٹ کے باعث جان محفوظ رہی۔  

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آواز سنتے ہی تقریب میں موجود صحافی، سیاستدان اور مہمان شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے، متعدد افراد میزوں کے نیچے چھپ گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے پورے ہال کو گھیرے میں لے لیا۔ اسپیکر مائیک جانسن سمیت کئی اہم شخصیات کو بھی فوری طور پر باہر منتقل کیا گیا۔  

واقعے کے بعد کوریسپونڈینٹ ڈنر منسوخ کردیا گیا جبکہ امریکی حکام نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے اسے ایک سنگین سیکیورٹی واقعہ قرار دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کے مقاصد جاننے کیلئے مکمل تحقیقات جاری ہیں

مزید خبریں

آپ کی راۓ