
راولپنڈی: معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک افواج، خصوصاً پاک فضائیہ نے قومی دفاع میں اپنی تاریخی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے قوم کے اعتماد اور حوصلے کی علامت قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معرکۂ حق نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی جہت دی بلکہ پاک فضائیہ کی جدید جنگی صلاحیتوں کو بھی عالمی سطح پر منوایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور ملٹی ڈومین آپریشنز میں غیر معمولی صلاحیت کے باعث ایک موثر اور فیصلہ کن قوت کے طور پر ابھر رہی ہے، جو مستقبل کے تقاضوں سے مکمل ہم آہنگ ہے۔
ترجمان کے مطابق اس تاریخی کامیابی نے پاکستانی قوم کے جذبۂ حب الوطنی، اعتماد اور حوصلے کو مزید مضبوط کیا ہے، جبکہ پاک افواج کی ہر حکمت عملی کا محور خطے میں امن اور استحکام کا فروغ ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کا امن عزت، وقار اور برابری کے اصولوں سے جڑا ہوا ہے۔ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ تیاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک افواج جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور مستقبل کے کسی بھی جنگی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پہلے سے زیادہ تیار اور مستعد ہیں۔
ترجمان کے مطابق کسی بھی جارحیت کا جواب اب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ دیا جائے گا، جبکہ معرکۂ حق میں دشمن نے پاکستان کی فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مظاہرہ دیکھ لیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی فضائی حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے عسکری تاریخ کا ایک روشن باب رقم کیا۔ پاک فضائیہ کی جرات، بروقت کارروائی اور تیاری نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔
بیان کے مطابق پاک فضائیہ اپنی جدید جنگی صلاحیتوں اور عزم کے باعث عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتی ہے اور ہمیشہ قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی