
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر واضح ڈیٹرینس قائم کی اور جنگ کا زاویہ بدل دیا۔
معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کے فضل سے مسلح افواج قوم کی امنگوں پر پورا اتریں اور دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملٹی ڈومین وار میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، یہ حقیقت پاکستانی بچوں کے ساتھ بھارتی بچے بھی جانتے ہیں، اگرچہ بھارت اسے تسلیم نہیں کرتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی بھارت کی ایماء پر کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا”۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوج سیاست زدہ ہو چکی ہے جبکہ بھارتی میڈیا دنیا بھر میں تفریح کا باعث بنا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “بھارتی فوج اس آپریشن کا کوئی مردانہ نام رکھ لے، سندور تو عورتیں لگاتی ہیں”۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے افغانستان سے بھی مطالبہ کیا کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے دہشت گردوں کو افغانستان میں پناہ مل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے اور اگر کسی کو شک ہے تو “اس کی ایک قسط ہم پہلے ہی دکھا چکے ہیں”۔
اس موقع پر ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف پراجیکٹس ایئر وائس مارشل طارق غازی نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے تھی اور بھارت آج تک سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخر ہوا کیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 14 اگست کو ہونے والی عظیم الشان پریڈ میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی جھلک قوم کو دکھائی جائیگی