ایران کے بعد امریکہ نے بھی “شکریہ پاکستان” کہنا شروع کردیا

33

واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان میں ایک اہم قرارداد پیش کی گئی ہے جس میں ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے “غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث” قرار دیا گیا ہے۔

امریکی کانگریس کے رکن Al Green کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران نہایت اہم اور ذمہ دارانہ سفارتی کردار ادا کیا۔ قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان نے جنگ بندی، تعمیری مذاکرات اور پائیدار امن کے قیام کیلئے مؤثر سہولت کاری فراہم کی، جس سے ممکنہ جانی و مالی نقصان کو روکنے میں مدد ملی۔

قرارداد میں اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی سفارتی وفود کی میزبانی کیلئے غیر معمولی انتظامات کیے اور بعض شہروں کی بندش جیسی مشکلات بھی برداشت کیں تاکہ مذاکراتی عمل کامیابی سے آگے بڑھ سکے۔

ادھر سوشل میڈیا پر بھی اس پیش رفت کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ مختلف صارفین نے پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر مثبت اور مؤثر سفارتکاری کی مثال قرار دیتے ہوئے حکومت اور سفارتی حلقوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سوشل میڈیا صارف محفوظ الرحمان اعوان نے لکھا کہ “پہلے ایران کی جانب سے ‘تشکر تشکر پاکستان’ کہا جا رہا تھا، اب امریکی ایوانِ نمائندگان میں بھی پاکستان کی امن کوششوں کا اعتراف سامنے آ گیا ہے۔”

اسی طرح شفیق ہاشمی نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ “اب امریکی بھی شکریہ پاکستان کہنے لگے ہیں۔” جبکہ حسنات احمد کا کہنا تھا کہ امریکی ایوان میں پاکستان کی امن کوششوں کا اعتراف عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار اور مؤثر سفارتکاری کا واضح ثبوت ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی کانگریس میں پاکستان کے کردار کو سراہنے والی یہ قرارداد خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ