
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے آبنائے ہرمز کے اطراف غیر ملکی جنگی بحری جہازوں کی موجودگی کو خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کی وارننگ دی ہے۔
اپنے بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے گرد جنگی جہازوں کی تعیناتی بحران میں اضافے کے سوا کچھ نہیں اور یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاز رانی کے تحفظ کے نام پر غیر ملکی جنگی بحری جہازوں کی موجودگی درحقیقت خطے میں تناؤ اور عدم استحکام کو مزید بڑھا دے گی۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی قرارداد کی حمایت کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
کاظم غریب آبادی نے فرانس اور برطانیہ کے جنگی جہازوں کی ممکنہ تعیناتی پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ اقدام امریکا کی غیر قانونی کارروائیوں کا ساتھ دینے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ یا اشتعال انگیز کارروائی کی گئی تو تہران اس کا فوری، سخت اور فیصلہ کن جواب دے گا