آئی ایس پی آر کا بھارتی آرمی چیف کو سخت جواب

28

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کے جغرافیے اور تاریخ کا ناقابلِ تردید حصہ ہے اور ایک تسلیم شدہ ایٹمی طاقت کے طور پر عالمی سطح پر اپنی اہمیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف کا یہ کہنا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے یا نہیں، نہ صرف غیر ذمہ دارانہ بلکہ خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ بھارتی قیادت آج بھی پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کر سکی اور آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود تاریخ سے سبق سیکھنے میں ناکام رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہی متکبرانہ، جنگجویانہ اور تنگ نظر سوچ جنوبی ایشیا کو بارہا جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیلتی رہی ہے۔ ایک خودمختار ایٹمی ریاست کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن، جنون اور جنگ پسندی کی عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل، تدبر اور اسٹریٹیجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، نہ کہ تہذیبی برتری اور دھمکی آمیز زبان استعمال کرتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت کا ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی، سرحد پار ٹارگٹ کلنگز اور دنیا بھر میں گمراہ کن معلومات پھیلانے کا ریکارڈ موجود ہے۔ دہلی کا جارحانہ رویہ دراصل پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکامی کے باعث پیدا ہونے والی مایوسی کا اظہار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کے دوران بھارت کی مایوسی پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوئی۔ بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ جنوبی ایشیا کو ایک اور بحران یا جنگ کی طرف دھکیلنے سے گریز کرے کیونکہ اس کے اثرات صرف خطے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا کہ بھارت کو پاکستان کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے پُرامن بقائے باہمی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے نتائج بھارت کے لیے اسٹریٹیجک اور سیاسی طور پر ناقابلِ قبول ہوں گے

مزید خبریں

آپ کی راۓ