
کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، دھماکے سے ٹرین اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس اور حکام کے مطابق دھماکا ریلوے ٹریک کے قریب ہوا جس کے باعث پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو فوری طور پر کوئٹہ اسٹیشن پر روک لیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق شہداء میں ایف سی کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والی خواتین اور بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے