
امریکا کے صدر Donald Trump نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں بری ڈیل نہیں کرتا، ایران سے متعلق خبر اچھی ہی ہوگی۔‘‘
امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل طور پر اُن پر منحصر ہے اور اگر کوئی ڈیل ہوئی تو وہ ایک ’’اچھی اور مناسب‘‘ ڈیل ہوگی، نہ کہ سابق امریکی صدر Barack Obama کے دور کے معاہدے جیسی۔
ٹرمپ نے اوباما دور کے ایران معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُس معاہدے نے ایران کو بھاری مالی فائدہ پہنچایا اور ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی راہ ہموار کی، جبکہ اُن کے بقول موجودہ ممکنہ معاہدہ اس کے بالکل برعکس ہوگا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ابھی تک کسی نے اس معاہدے کی تفصیلات نہیں دیکھیں اور نہ ہی کوئی جانتا ہے کہ اس میں کیا شامل ہوگا کیونکہ معاملات ابھی مکمل طور پر طے نہیں ہوئے۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’ان ناکام لوگوں کی باتوں پر دھیان نہ دیں جو بغیر جانے تبصرے کر رہے ہیں، مجھ سے پہلے آنے والوں کو یہ مسئلہ کئی سال پہلے حل کر لینا چاہیے تھا۔‘‘
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جنگی مناظر پر مبنی ایک اے آئی تصویر بھی شیئر کی جس میں ایرانی کشتیوں کی تباہی دکھائی گئی ہے۔ تصویر پر ہسپانوی زبان کا لفظ ’’Adios‘‘ درج تھا، جس کے معنی ’’الوداع‘‘ یا ’’بائے بائے‘‘ ہیں۔ اس پوسٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور ممکنہ مذاکرات دونوں خبروں میں ہیں