
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور گلگت بلتستان کے انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے سلسلے میں اسکردو روانہ ہو رہے تھے، تاہم راستے میں سڑک بند ملی۔ ابتدا میں انہیں لگا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر راستہ بند کیا گیا ہے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ سڑک ان کی آمد کی وجہ سے بند کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو، امیر مقام اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما انتخابی مہم کے لیے گلگت بلتستان جا رہے ہیں، لیکن اپوزیشن رہنماؤں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح انتخابات کرانے ہیں تو پھر الیکشن کے بجائے سلیکشن کر لی جائے اور عوام کا پیسہ ضائع نہ کیا جائے۔
اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آ کر گلگت بلتستان کو عالمی معیار کا سیاحتی مرکز بنائے گی۔