
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کئی علاقوں میں بوندا باندی اور بارش متوقع ہے، جس سے شدید گرمی کی لہر میں کمی آنے کی توقع ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جون تک اپر اور سنٹرل پنجاب میں بادلوں کا راج رہے گا۔ اس دوران لاہور اور گرد و نواح سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو جائے گا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل شام سے 5 جون تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کا بھی امکان موجود ہے۔
ملکی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو گزشتہ کئی روز سے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف حصوں میں پری مون سون سرگرمیوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
سندھ کے جنوبی اور بالائی اضلاع، جن میں شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ اور جیکب آباد شامل ہیں، میں آج سے 4 جون تک گرج چمک اور تیز آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سے ہیٹ ویو کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شمال مشرقی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں آئندہ چند روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کے زیادہ تناسب کے باعث محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تاہم سمندری بادلوں کی شدت میں اضافے کے نتیجے میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی یا پھوار پڑنے کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر 2 سے 4 جون کے دوران بلوچستان کے اطراف بننے والے بادل مزید شدت اختیار کرتے ہیں تو کراچی میں تیز آندھی اور ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق پری مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری شدید گرمی سے متاثر شہریوں کے لیے بڑی حد تک ریلیف کا باعث بن سکتا ہے