
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ملک بھر کے غیر فعال اور جزوی طور پر غیر فعال ایئرپورٹس کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایئرپورٹ سروسز، انجینئرنگ سروسز اور کمرشل ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان، تربت، دالبندین اور سیدو شریف کے ایئرپورٹس کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ سکھر اور نیو گوادر سمیت دیگر ایئرپورٹس کو بھی مکمل طور پر فعال بنانے کے امکانات اور منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو تمام ایئرپورٹس کی جلد از جلد بحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے تاکہ فضائی رابطوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور مسافروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں نئی نجی ایئرلائن کے آغاز سے متعلق امور بھی زیر غور آئے، جبکہ اس حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل اور ضروری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق غیر فعال ایئرپورٹس کی بحالی سے نہ صرف ملکی فضائی نیٹ ورک مضبوط ہوگا بلکہ دور دراز علاقوں میں معاشی سرگرمیوں، سیاحت اور کاروباری مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے