
راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ حکمران اس قدر خوفزدہ ہیں کہ بشریٰ بی بی کے اہلِ خانہ کو بھی باہر جا کر بات کرنے سے روکا جا رہا ہے۔
راولپنڈی کے گورکھپور فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ حکومت خوف کا شکار ہے، تاہم ان کی تمام تر توجہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل کے اطراف کرفیو جیسی صورتحال پیدا کر دی گئی ہے، بازار بھی بند کروا دیے گئے ہیں، جبکہ ان کا آئینی حق ہے کہ وہ اپنے بھائی سے ملاقات کریں۔
علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے اور ان پر ذہنی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے خلاف بھی مقدمات قائم ہیں تو انہیں بھی جیل میں ڈال دیا جائے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں سہیل آفریدی کے قافلے کو پولیس نے فیکٹری ناکے پر روک دیا، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔
واضح رہے کہ علیمہ خان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں