آزاد کشمیر میں بارہ جون تک موبائل انٹرنٹ سروس بند

13

مظفرآباد: جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے پی اے سی) کی جانب سے دی گئی ریاست گیر ہڑتال کی کال کے پیشِ نظر انتظامیہ نے آج رات ساڑھے 11 بجے سے آزاد کشمیر بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، جس کے باعث ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ اس صورتحال کے تناظر میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کے تحت مواصلاتی سروسز 12 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو پورے آزاد کشمیر میں شٹر ڈاؤن اور مکمل پہیہ جام ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ کمیٹی کے مرکزی رہنما شوکت نواز میر کا کہنا ہے کہ حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جبکہ حکومتی نمائندوں کی جانب سے احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

مذاکرات کی ناکامی کے بعد ایکشن کمیٹی نے اپنی ہڑتال اور احتجاج کی کال برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ