گلگت بلتستان الیکشن نتائج آنے کا سلسلہ جاری

9

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 انتخابی حلقوں میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ مختلف حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق کئی حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے جبکہ متعدد نشستوں پر آزاد امیدوار بھی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

گلگت کے حلقہ جی بی اے-1 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین، جی بی اے-3 میں آفتاب حیدر ایڈووکیٹ اور نگر-1 میں محمد علی اختر ابتدائی نتائج کے مطابق آگے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حفیظ الرحمان جی بی اے-2 گلگت، رانا فرمان علی جی بی اے-13 استور-1، کفایت الرحمان جی بی اے-18 دیامر-4 اور ظفر محمد جی بی اے-19 غذر-1 میں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

اسکردو کے مختلف حلقوں میں بھی سخت مقابلہ جاری ہے جبکہ ہنزہ، نگر، گھانچے اور دیامر کے بعض حلقوں میں آزاد امیدوار نمایاں پوزیشن میں ہیں۔

جی بی اے-24 گھانچے-3 میں آزاد امیدوار اسد شفیق 4419 ووٹوں کے ساتھ نمایاں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں جبکہ جی بی اے-23 گھانچے-2 میں آزاد امیدوار انور علی سب سے آگے ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں تھے جن میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مختلف حلقوں میں مقابلہ تاحال جاری ہے جبکہ حتمی نتائج کا اعلان ریٹرننگ افسران کی جانب سے کیا جائے گا

مزید خبریں

آپ کی راۓ