
لندن: برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی مالی معاونت کرنے والے نیٹ ورکس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی حکومت کے مطابق یہ پابندیاں کینیڈا، فرانس اور ناروے کے تعاون سے لگائی گئی ہیں، جن کا مقصد پُرتشدد اسرائیلی آبادکار گروپوں کی مالی معاونت روکنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی توسیع اور ان کا پُرتشدد رویہ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، جبکہ غیر قانونی آبادکاری دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
برطانیہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی آبادکاری کا سلسلہ بند کرے، فلسطینیوں پر تشدد میں ملوث آبادکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے اور فلسطینی معیشت پر عائد پابندیاں ختم کرے۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے