
فیفا ورلڈ کپ میں ایک پاکستانی نژاد فٹبالر بھی میدان میں اترے گا، جو عرب ملک عراق کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرے گا۔
عراق کے اسکواڈ میں شامل مڈفیلڈر زیڈان اقبال کی جڑیں پاکستان سے جڑی ہیں۔ مانچسٹر میں پیدا ہونے والے زیڈان کے والد عامر اقبال کا تعلق پنجاب کے شہر ساہیوال سے ہے، جبکہ ان کی والدہ عراقی نژاد ہیں۔
فیفا قوانین کے تحت زیڈان اقبال پاکستان، عراق اور انگلینڈ تینوں ممالک کی نمائندگی کے اہل تھے، تاہم انہوں نے 2021 میں عراق کی انڈر 23 ٹیم اور بعد ازاں 2022 میں عراق کی سینئر قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
عراقی سینئر ٹیم کی نمائندگی کے بعد فیفا قوانین کے مطابق پاکستان کے لیے ان کی خدمات حاصل کرنا ممکن نہیں رہا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن میں طویل عرصے تک جاری انتظامی تنازعات اور غیر یقینی صورتحال کے باعث بھی زیڈان اقبال کو پاکستان کی جانب سے کھیلنے کے لیے قائل نہیں کیا جا سکا۔
زیڈان اقبال صرف 9 سال کی عمر میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی اکیڈمی کا حصہ بنے تھے اور 2021 میں انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے یوئیفا چیمپئنز لیگ میں بھی شرکت کی۔
زیڈان اقبال فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن جائیں گے۔
اس حوالے سے زیڈان اقبال کا کہنا ہے کہ ان کے والد اور دوستوں نے انہیں بتایا کہ وہ تاریخ کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب تک عراق نہیں جا سکے، تاہم پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور اپنے پاکستانی پس منظر پر فخر محسوس کرتے ہیں