معروف امریکی صحافی کا وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

2

دو مرتبہ پلٹزر انعام یافتہ معروف امریکی صحافی نکولس کرسٹوف نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کے سفارتی کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا سوشل میڈیا بیان شیئر کیا ہے۔
67 سالہ نکولس کرسٹوف، جو فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی تشدد سے متعلق اہم حقائق دنیا کے سامنے لانے کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں، نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران تینوں نے تنازع کے دوران بعض غلطیاں کیں اور کئی مواقع ضائع کیے۔
انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں پاکستان کا ثالثی کردار بھرپور طور پر قابلِ تعریف ہے، جس نے مستقل مزاجی اور سنجیدگی کے ساتھ مختلف اور سخت مؤقف رکھنے والے فریقین کے درمیان امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔
نکولس کرسٹوف نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان سفارتی کوششوں پر مبارکباد کا مستحق قرار دیا۔
امریکی صحافی نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس سوشل میڈیا بیان کو بھی شیئر کیا، جس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ روشن ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق پاکستان امن معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کے لیے تیاری کر رہا ہے جبکہ اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی منعقد ہوں گے۔
انہوں نے امریکا، ایران اور خطے کے برادر ممالک کی جانب سے مسلسل تعاون اور حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ