
واشنگٹن / بیروت / تل ابیب: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے کی دستخطی تقریب میں چند گھنٹوں کی تاخیر ہوئی ہے۔
امریکی میڈیا سے ٹیلیفونک گفتگو میں Donald Trump نے بتایا کہ جو دستخطی تقریب ابھی ہونا تھی، وہ اب چند گھنٹوں بعد منعقد کی جائے گی۔ ان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ڈیل حتمی مرحلے کے قریب ہے اور اگلے 2 سے 3 گھنٹوں میں پیش رفت متوقع ہے۔
دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حزب اللّٰہ کے سینئر کمانڈر علی موسیٰ دقدوق کو نشانہ بنایا ہے۔
Hezbollah کی جانب سے تاحال اس حملے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے اور انہیں مزید حملوں سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل نے بھی آئندہ حملے نہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو بیروت حملے کے جواب میں کوئی کارروائی نہیں کرنی چاہیے تاکہ جاری امن عمل متاثر نہ ہو۔ ان کے مطابق اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم موجودہ حملہ “بے معنی” تھا کیونکہ اس میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ مشرق وسطیٰ میں ایک بڑے امن معاہدے کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، جسے ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے