
اسلام آباد: قومی اسمبلی نے مالی سال 27-2026ء کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے دی، جس کے بعد اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں اراکین نے بجٹ کی منظوری دی۔ بجٹ کی منظوری کے موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ ارکان اور ان کی اتحادی جماعتوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ارکان ایوان میں موجود رہے۔
وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے 18 ہزار 771 ارب روپے کا وفاقی بجٹ برائے مالی سال 27-2026ء پیش کیا۔
اجلاس کے دوران جے یو آئی کی رکن عالیہ کامران نے مختلف ترامیم پیش کیں، جبکہ علی حیدر گیلانی نے موبائل فونز پر ٹیکس سے متعلق اپنی ترمیم واپس لے لی۔
شاہدہ اختر علی کی الاؤنسز پر ٹیکس نہ لگانے سے متعلق ترمیم کے علاوہ عالیہ کامران اور نعیہ کشور کی پیش کردہ ترامیم بھی مسترد کر دی گئیں۔
بعد ازاں اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔
واضح رہے کہ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے 12 جون کو قومی اسمبلی میں 18 ہزار 771 ارب روپے سے زائد کا وفاقی بجٹ پیش کیا تھا