
لاہور: ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ انتظامیہ نے لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائش پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) سے باضابطہ اور غیر مشروط معذرت کرلی۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کے نام ارسال کردہ خط میں اس غلطی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی پرچم کسی بھی ملک کی شناخت، وقار اور قومی فخر کی علامت ہوتا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ اس واقعے سے پاکستان ہاکی ٹیم، اس کے شائقین، پاکستانی عوام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی دل آزاری ہوئی، جس پر ایف آئی ایچ کو شدید افسوس ہے۔
ہیلری اٹکنسن نے اس واقعے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کے قومی پرچم میں سفید رنگ کا حصہ شامل نہ ہونا ایک انتظامی غلطی تھی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام انتظامی اور آپریشنل طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
ایف آئی ایچ انتظامیہ نے اپنے خط میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی ٹیم کی پرو لیگ میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں کے قومی تشخص، وقار اور احترام کو برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایف آئی ایچ پرو لیگ میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا نامکمل قومی پرچم آویزاں کیا گیا تھا، جس پر سوشل میڈیا اور ہاکی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ ناقدین نے بین الاقوامی ایونٹ میں اس سنگین غلطی پر سوالات اٹھائے تھے، جبکہ بعض حلقوں نے پاکستان ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بروقت نشاندہی نہ کرنے پر بھی تنقید کی تھی