
ویب ڈیسک: حکومت نے فضائی صنعت اور دیگر شعبوں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے کمرشل استعمال کے بعض ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت کمرشل جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئی ہیں۔
سرکاری فیصلے کے مطابق کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والا جیٹ فیول 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل جیٹ فیول 238 روپے 87 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
حکام کے مطابق قیمت میں کمی سے فضائی کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات کم ہونے کا امکان ہے، جس سے ایئرلائنز کو ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت حاصل ہوگی اور فضائی شعبے کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن کی لاگت میں کمی سے فضائی کمپنیوں پر مالی دباؤ کم ہوگا، تاہم مسافروں کے لیے فضائی کرایوں میں کمی سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی سے قبل کمرشل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی، تاہم بعد ازاں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث اس میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
حکومت نے اسی فیصلے کے تحت لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 7 روپے 55 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 192 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی سطح پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، تاہم عام صارفین کو اس کے مکمل فوائد ملنے کا انحصار آئندہ حکومتی فیصلوں پر ہوگا