
ویب ڈیسک: بھارت کے شہر حیدرآباد میں ایک اہم سڑک کا نام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر “ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو” رکھ دیا گیا ہے، جس پر صدر ٹرمپ نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے کسی بھی امریکی صدر کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا اعزاز قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھارت میں کیے گئے اس اقدام پر شکر گزار ہیں اور یہ اعزاز کسی بھی امریکی صدر کو پہلی مرتبہ دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جنوبی ریاست تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے حیدرآباد کی اس سڑک کو ٹرمپ کے نام سے منسوب کیا ہے، جہاں امریکی قونصل خانہ بھی واقع ہے۔ اس علاقے میں مائیکروسافٹ، گوگل، ایمازون اور دیگر بڑی امریکی کمپنیوں کے دفاتر بھی موجود ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق امریکی صدور بل کلنٹن اور جارج بش اپنے ادوارِ صدارت میں حیدرآباد کا دورہ کر چکے ہیں، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اب تک اس شہر نہیں آئے۔
دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “منافقت” قرار دیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے دوسرے دور میں امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری جبکہ امریکا اور بھارت کے تعلقات میں بعض معاملات پر کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔ حالیہ عرصے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اختلافات بھی سامنے آئے ہیں