عمران خان کو شفاء نہیں پمز میں رکھا تھا: عطاتارڑ

11

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا۔

عطاء تارڑ نے بتایا کہ طبی معائنہ پمز اسپتال میں کیا گیا، جس میں شفاء انٹرنیشنل اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ ان کے مطابق شفاء اسپتال کے باہر اور راستے میں کارکنوں کی جانب سے سیکیورٹی کی صورتحال پیدا ہونے کے باعث بانیٔ پی ٹی آئی کو پمز اسپتال لے جایا گیا، جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں صحت مند قرار دیا گیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ عظمیٰ خان علاج اور طبی معائنے کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔

عطاء تارڑ نے مزید بتایا کہ طبی معائنے کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی کو 21 اگست کی صبح 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب جیل ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی بانیٔ پی ٹی آئی کو طبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر انہیں طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی

مزید خبریں

آپ کی راۓ