
برسبین کے گا با اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ میزبان آسٹریلیا نے جیت لیا، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 10وکٹوں سے بآسانی شکست دی، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کی عمدہ بیٹنگ کے سبب کینگروز نے 170رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کیا، وارنر 87 اور بین کرافٹ نے 82رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، اسٹیون اسمتھ کو شاندار سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آسٹریلوی کپتان نے پہلی اننگز میں مشکل حالات میں ناقابل شکست 141رنز بنائے تھے۔
تفصیلات کے مطابق برسبین کے گا با اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ میزبان آسٹریلیا نے جیت لیا، برسبین ٹیسٹ کے پانچویں اورآخری روز آسٹریلوی اوپننگ جوڑی نے 114رنزکے ساتھ نامکمل اننگز شروع کی اور کھیل کے پہلے ہی گھنٹے میں جیت کے لئے درکار 56 رنز بناکر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا، اس طرح آسٹریلیا نے ٹیسٹ 10وکٹوں سے اپنے نام کرلیا،اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 195 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزلووڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 6دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔