پاکستان میں پارلیمان کے ایوانِ زیریں کے ممبران پر وزیر اعظم عمران خان کے عہدے وزیر اعظم سے پہلے ’سلیکٹیڈ‘ کا سابقہ استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس لفظ کے استعمال پر پابندی کا اعلان قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے یہ کہتے ہوئے کیا کہ اس ایوان میں موجود ہر ممبر عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آتا ہے اور کسی بھی ممبر کے لیے ’سلیکٹیڈ‘ لفظ کا استعمال اس ایوان کی توہین کے مترادف ہے۔
گذشتہ اتوار کو منعقد ہونے والے بجٹ اجلاس کے دوران حزبِ اختلاف کے کئی ممبران کی جانب سے بارہا اس لفظ کے استعمال کے بعد وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے اس مسئلے پر ڈپٹی سپیکر کی توجہ دلائی۔
ڈپٹی سپیکر نے اس پر تنبیہ کی کہ ممبران اس لفظ کے استعمال سے گریز کریں۔