
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں پیر کو کووڈ-19 کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی اس وائرس سے 15 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
وزیرِ مملکت برائے صحت ظفر مرزا نے پیر کی شام پریس کانفرنس میں ملک بھر میں اس وائرس کے مستند مریضوں کی تعداد 94 بتائی تاہم مجموعی تعداد کے حوالے سے وفاق اور صوبوں کے اعدادوشمار میں تضاد سامنے آیا ہے۔
سندھ کے حکام کے مطابق صرف اسی صوبے میں اب تک 150 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی حکام نے 15 افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
اس کے علاوہ پیر تک کے وفاقی اعدادوشمار کے مطابق سندھ اور خیبر پختونخوا کے علاوہ بلوچستان میں پانچ، اسلام آباد میں چار، گلگت بلتستان میں تین اور لاہور میں ایک مریض موجود ہے۔
یہ اعدادوشمار جمع کرنے پر ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 178 بنتی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں پیر تک صرف 833 افراد کے ہی کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔