پاکستان سپر لیگ کی دو نئی ٹیمیں ریکارڈ قیمت میں نیلام

66

پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کے لیے نیلامی کا مرحلہ مکمل ہو گیا، جس کے نتیجے میں ساتویں اور آٹھویں فرنچائزز فروخت کر دی گئیں۔ ساتویں ٹیم ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں حاصل کی جبکہ آٹھویں فرنچائز اوزیڈ ڈیولپرز نے ریکارڈ 185 کروڑ روپے کی بولی دے کر اپنے نام کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے بولی کا عمل اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا، جس میں ابتدا میں دس گروپس نے دلچسپی ظاہر کی، تاہم علی ترین گروپ آخری وقت پر دستبردار ہو گیا۔ اس کے بعد نو گروپس نیلامی میں شریک رہے۔

ساتویں فرنچائز کے لیے ابتدائی قیمت 110 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ آئی ٹو سی گروپ نے 155 کروڑ روپے کی بولی دی، تاہم پرزم گروپ نے وقفے کے بعد مزید بولی لگانے سے انکار کر دیا۔ ایف کے ایس گروپ نے بولی میں اضافہ کرتے ہوئے رقم 168 کروڑ تک پہنچائی، جس کے جواب میں آئی ٹو سی نے 170 کروڑ کی پیشکش کی۔ آخرکار ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی حتمی بولی دے کر فرنچائز حاصل کر لی اور ٹیم کا نام حیدرآباد رکھنے کا اعلان کیا۔

آٹھویں ٹیم کے لیے بولی 170 کروڑ روپے کی بنیادی قیمت سے شروع ہوئی۔ آئی ٹو سی گروپ نے سب سے پہلے 172 کروڑ کی پیشکش کی، جس کے بعد ایم نیکسٹ گروپ نے 173 کروڑ کی بولی دی۔ وقفے کے بعد ایم نیکسٹ نے رقم 176 کروڑ تک بڑھا دی، جس پر اوزیڈ ڈیولپرز نے 178 کروڑ کی پیشکش کر دی۔ مقابلہ مزید سخت ہوا تو آئی ٹو سی نے 180 کروڑ کی بولی لگائی، جس کے جواب میں اوزیڈ ڈیولپرز نے 181 کروڑ کی پیشکش دی، جبکہ آئی ٹو سی نے 182 کروڑ روپے کی بولی لگا دی۔

نیلامی کے دوران تمام سابقہ ریکارڈ اس وقت ٹوٹ گئے جب اوزیڈ ڈیولپرز نے 185 کروڑ روپے کی سب سے بڑی بولی دے کر آٹھویں فرنچائز اپنے نام کر لی۔ اس طرح یہ پی ایس ایل کی تاریخ کی مہنگی ترین ٹیم بن گئی۔

اوزیڈ ڈیولپرز کے حمزہ مجید نے بتایا کہ اگرچہ منصوبہ بندی پہلے سے موجود تھی، مگر حتمی فیصلہ عین وقت پر ہوا۔ ان کے مطابق بجٹ سے کچھ زیادہ رقم خرچ ہوئی، لیکن ٹیم جیتنا ان کا ہدف تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آٹھویں پی ایس ایل ٹیم کا نام سیالکوٹ ہوگا۔

تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی نے حمزہ مجید کو آٹھویں ٹیم کی علامتی چابی پیش کی۔ اس سے قبل افتتاحی سیشن میں محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی۔

مزید خبریں

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں اضافے کے باعث سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے...

  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل خریدنے والے ممالک کے خلاف 500 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کے بل کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بھاری ٹی...

آپ کی راۓ