
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں واقع وادی تیراہ کے علاقے میدان ملک دین خیل سے متاثرہ افراد کی رجسٹریشن کا عمل گزشتہ تین روز سے جاری ہے، جبکہ طے شدہ شیڈول کے مطابق باضابطہ نقل مکانی کا آغاز 10 جنوری سے کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے پائیندی چینہ میں متاثرین کی سہولت کے لیے ایک خصوصی رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں مسلسل تین دن سے خاندانوں کا اندراج کیا جا رہا ہے۔ اب تک 2500 سے زائد خاندان رجسٹر کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 176 خاندانوں کو نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں سے کلیئرنس کے بعد ابتدائی طور پر فی خاندان ڈھائی لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ باقی رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی مرحلہ وار ایڈوانس امداد دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ نقل مکانی کا عمل 10 جنوری سے شروع ہو کر 25 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس دوران ہر متاثرہ خاندان کو ڈھائی لاکھ روپے ایڈوانس دیے جائیں گے، جبکہ رہائش کے لیے ہر خاندان کو ماہانہ 50 ہزار روپے امدادی رقم فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق رہائش کا بندوبست کر سکیں۔
ضلعی حکام کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد متاثرین کی واپسی اور بحالی کا عمل 5 اپریل سے شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ کے علاقے میدان کی مجموعی آبادی تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ آپریشن کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے لیے 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔
کراچی ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا استقبال کیا اور انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔ دوسری جانب ...