بہاولپور آرٹس کونسل: نعت خوانی کا مقابلہ

1167

ممبر قائمہ کمیٹی پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن و رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا ہے کہ دین ودنیا میں کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور آرٹس کونسل نے شاندار مقابلہ نعت خوانی منعقد کروایا جس میں طلباوطالبات نے بھرپور انداز میں شرکت کی ہے۔ اس موقع پر ماہر تعلیم نسیم جعفری، معروف صنعتکار اور سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر رانا محمد طارق، محمد ایوب قریشی، سعد جعفری، پروفیسر ڈاکٹر شاہد رضوی، نواب انعام اللہ خاں، مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلباوطالبات اور محکموں کے افسران موجود تھے۔ ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ مقابلہ نعت خوانی میں خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا گیا ہے۔ اس حوالہ سے تمام شرکاءمبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہا۔ ماہر تعلیم نسیم جعفری نے کہا کہ آنحضور سے محبت کا تقاضا ہے کہ اسوہ حسنہ پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے حقوق العباد کا درس دیا۔ ہمیں چاہئے کہ لوگوں کے کام آئیں اور اپنے کردار وعمل سے ثابت کریں کہ سچے عاشق رسول ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقابلہ میں شریک طلباوطالبات مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے نہایت خوبصورت انداز میں ہدیہ نعت پیش کیا۔انہوں نے خوبصورت مقابلہ نعت خوانی کے انعقاد پر پنجاب آرٹس کونسل بہاول پور کی کاوش کو سراہا۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل عابد حسن رضوی نے مقابلہ نعت خوانی کے شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ 15سال تک کی عمر کے بچے اور بچیوں اور 15سے 25سال تک کی عمر کے بچے اور بچیوں کے مابین مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں سرکاری سکولوں ، کالجز، یونیورسٹی، پرائیویٹ سکولوںاور کالجز کے ساتھ ساتھ دین مدارس کے طلباوطالبات نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ منصفین کے نتائج کے مطابق 15سال تک کی عمر کی لڑکیوں کے مابین مقابلہ نعت خوانی میں حافظہ السا عدنان نے پہلی، افرا عدنان نے دوسری اور ایمن سلیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ عائمہ اقبال کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ 15سال تک کی عمر کے لڑکوں کے درمیان مقابلہ میں حافظ محمد ماجد نے پہلا، سید عاصم علی شاہ نے دوسرا، محمد توصیف شاکری نے تیسرا جبکہ محمد راحیم نے حوصلہ افزائی کا انعام حاصل کیا۔ اسی طرح 15سے 25سال تک کی عمر کی لڑکیوں کے مابین مقابلہ نعت خوانی میں بختاور ملک نے فرسٹ، مہوش رسول نے سیکنڈ، جنت پروین نے تھرڈ پوزیشن حاصل کی اور حفصہ مجید کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ 15سے 25سال تک کی عمر کے لڑکوں کے درمیان نعت خوانی کے مقابلہ میں عبد المنان نے پہلی، علی ذوالقرنین نے دوسری، غلام قادر نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ حافظ انیس الرحمن کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ بعد ازاں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ