ایک ہی خاندان کے بارہ افراد ڈوب گئے

762

کراچی میں ہاکس بے پر پکنک کے لیے جانے والے ایک ہی خاندان کے 12 افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایدھی حکام کے مطابق ڈوبنے والے تمام 12 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت آٹھ لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ افراد سیر کی غرض سے ہاکس بے پر گئے تھے، جہاں ان میں سے چند افراد پانی کی تیز لہروں میں ڈوب گئے جبکہ انھیں بچانے کی کوشش میں دیگر افراد بھی لہروں کی نذر ہو گئے۔

واقعے کے بعد سندھ کے وزیرداخلہ سہیل انور خان سیال نے ڈوب کر ہلاک ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فوری طور پر ریسکیو اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ ان دنوں سمندر میں طغیانی ہوتی ہے اور ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ ہوتی ہے، جبکہ پولیس لوگوں کو یہاں نہانے یا قریب جانے سے روکنے کے لیے موجود ہوتی ہے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پچیس سالہ علی، اٹھائیس سالہ وہاج،، تیس سالہ عمیر، پچاس سالہ سعود، بیس سالہ طعہ، اٹھارہ سالہ فلزا، تیس سالہ عاطف، بارہ سالہ حمزہ، پندرہ سالہ عباد سعود اور چھبیس سالہ علی شامل ہیں۔

صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور خان سیال نے پولیس کو ساحل سمندر پر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ