
پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکہ کو واپس دیے گئے نو ہووے ٹو ہیلی کاپٹرز انسدادا دہشت گردی آپریشنز کا انتہائی اہم حصہ تھے تاہم امریکہ نے پاکستان کو ہیلی کاپٹرز دینے سے معذرت کر لی ہے۔
خیال رہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں سنہ 2002 میں امریکہ نے پاکستان کو یہ ہیلی کاپٹر لیز پر دیے تھے۔ جس کا مقصد پاک افغان سرحد پر منشیات کی سمگلنگ کو روکنا تھا جو انسداد دہشت گردی میں بھی معاون تھے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے بی بی سی سے گفتگو میں ان ہیلی کاپٹروں کے متعلق بتایا کہ سابق وزیر داخلہ نے امریکہ کی جانب سے دیے جانے والے ان ہیلی کاپٹروں کو خریدنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کی وجہ ان کی مرمت پر زیادہ لاگت بتائی گئی تھی۔
احسن اقبال کا، جنھوں نے رواں برس اگست میں بطور وزیر داخلہ ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، کہنا ہے کہ انھوں نے کوشش کی کہ وہ ان ہیلی کاپٹروں کو دوبارہ حاصل کر لیں تاہم امریکہ نے معذرت کر دی ہے۔