
وزير خارجہ خواجہ آصف نے اقامہ کی بنیاد پر نااہلی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں لارجر بینچ کی تشکیل کو چیلنج کردیا ۔
انہوں نے اپنے خلاف دائر کیس میں تحریری جواب بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادیا ہے ، اپنے جواب میں خواجہ آصف نے موقف اپنایا ہے کہ لارجر بینچ کی تشکیل سے انہیں اپیل کے حق سے محروم کردیا گیا ۔
تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ان کے مخالف درخواست گزار ان کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ تک تمام فورم استعمال کرچکے ، درخواست گزار نے عدالت سے تمام حقائق چھپائے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے وزیرخارجہ کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ درخواست میں خواجہ آصف کے اثاثے چھپانے پر نااہلی کی استدعا کی گئی ہے ۔ عثمان ڈار نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اقامہ چھپانے پر خواجہ آصف صادق اور امین نہیں رہے۔