
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات لگانے والی کمپنی جیانگسویا بائیٹ کو چینی کمپنی نے بے بنیاد الزامات لگانے پر بلیک لسٹ کرتے ہوئے اس پر تاحیات پابندی عائد کردی، ساتھ ہی کمپنی کے مالک کوجرمانے وقید کی سخت سزائیں بھی سنادی گئیں، پاکستانی انگریزی اخبار کی خبر کے مطابقق17 دسمبر کو یابائٹ کمپنی کے مالک نے کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر معافی نامہ شائع کیا، جس میں اعتراف کیا گیا ہے کہ انہوں نے عوام سے فراڈ کیا، جس کے نتیجے میں ملنے والی سزا اور مارکیٹ میں داخلے پر تا حیات پابندی کے فیصلے کو قبول کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگانے والی چینی کمپنی کو چینی حکومت نے بلیک لسٹ کرتے ہوئے اس پر تاحیات پابندی عائد کردی، چینی کمپنی نے حکومت کا فیصلہ بھی قبول کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر معافی نامہ شائع کردیا، دوسری جانب پاکستان میں چینی سفارتی مشن کے ڈپٹی چیف مسٹر لیجیان ژاؤ نے تصدیق کی کہ چین کے ریگولیٹری ادارے ‘سی ایس آر سی نے اپنا فیصلہ جاری کردیا ہے اور یابائٹ کے مالک کا معافی نامہ بھی اصلی ہے۔ خیال رہے کہ چینی کمپنی کا فراڈ اُس وقت سامنے آیا جب پاکستانی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ شہباز شریف نے چینی کمپنی کے ذریعے کک بیکس کی بڑی رقم چین بھیجی ہے، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی اور جھوٹی خبر شائع کرنے والے اداروں کو قانونی نوٹسز بھی بھجوائے