
بہاولپور کی ستاسی ہاوسنگ سکیموں کی انسپکشن مکمل کر لی گئی ہے رپورٹ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کوپیش کی جائے گی جس کے بعد کاروائی کاآغازہوگا۔بہاولپور کی ہاؤسنگ سکیموں کے حوالے سے متعدد عوامی شکایات پر لوکل گورنمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے 5رکنی انسپکشن ٹیم بہاولپوربھیجی گئی تھی جن کی جانب سے خصوصا جاپان ٹاؤن اور دیگر بہاول پورمیونسپل کارپوریشن کی حدود میں آنے والی ہاؤسنگ سکیمیں اور ضلع کونسل کی حدودمیں آنیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی انسپکشن اور مکمل چھان بین کی گئی۔
اس حوالے سے انسپکشن ٹیم کے ممبر (ڈائریکٹرپلاننگ) لوکل گورنمنٹ بورڈ پنجاب ملک حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ کچھ دن پہلے ڈی جی انسپکشن کی جانب سے جاپان ٹاؤن اوردیگر کچھ ہاؤسنگ سکیموں کی انسپکشن کی گئی تھی جس کے بعد اب ان کی ہدایت پر انسپکشن ٹیم نے بہاولپورضلع کی تقریبا 87کے قریب ہاؤسنگ سکیموں کی مکمل انسپکشن اورچھان بین کی ہے جس میں خصوصاجاپان ٹاؤن کے معاملات کو دیکھا گیا ہے