اوپنر مارٹن گپٹل انجری سے نجات کے بعد ٹیم میں واپس آگئے

736

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچز کیلئے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اور اوپنر مارٹن گپٹل انجری سے نجات کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔

مارٹن گپٹل گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف بارش کے سبب منسوخ ہونے والے دوسرے ٹی20 میچ میں انہوں نے 18 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر اپنی فارم اور فٹنس کا بھرپور ثبوت دیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق کین ولیمسن قیادت کے فرائض انجام دیں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈگ بریسویل، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگیوسن، مارٹن گپٹل، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، کولن منرو، ہنری نکولس، مچل سینٹنر، ٹم ساؤدھی اور روس ٹیلر شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز بدھ کو نیوزی لینڈ الیون کے خلاف پریکٹس میچ سے کرے گی جس کیلئے ٹیم نے بھرپور پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا اور ون ڈے میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی20 سیریز بھی آمنے سامنے ہوں گی

مزید خبریں

آپ کی راۓ